صارفین کی شکایات کے تیز رفتار ازالہ کے لئے ہائی الرٹ جاری

فیصل آباد(یوسف بخاری)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے موسم برسات کے دوران صارفین کی شکایات کے تیز رفتار ازالہ کے لئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے تحت کسٹمر ریلیشنز سینٹر 24 گھنٹے فعال رہے گا اور شہری شکایات کے اندراج کے لئے واسا فری ہیلپ لائن نمبر1334پر یا واٹس ایپ نمبر 03219991334 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ شہر بھر میں 10 سب ڈویژنز میں ڈپٹی ڈائریکٹرز،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور سب انجینئرز کو ڈیوٹیز تفویض اور متحرک ومستعد رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ تمام آپریشنز افسران اور سٹاف اپنی ڈیوٹی محنت اور لگن سے انجام دیں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی ناقابل قبول ہو گی۔انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے خصوصی ریلیف کیمپس بھی لگائے جا رہے ہیں جہاں پر چوبیس گھنٹہ عملہ موجود ہو گا جو بارش کے دوران اور بعد میں پانی کی فوری نکاسی کے لئے اقدامات کرے گا اسی طرح تمام مشینری بھی آپریشنل ہے اور اسے بھی ضرورت کے مطابق استعمال کیا جا سکے گا۔مینجنگ ڈائریکٹر نے واضح کیا کہ واسا نے ڈسپوزل اسٹیشنوں کی استعداد کار میں اضافہ،جنریٹرز کی تنصیب مکمل جبکہ سیور لائنوں اور کھلے نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جارہا ہے اس کے ساتھ ساتھ آپریشنز ڈائریکٹوریٹس میں افسران اور سٹاف کو ڈیوٹیز تفویض کر دی گئیں ہیں اور انہیں ان ڈیوٹی پوائنٹس پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جس کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران بارشوں کی صورت میں عوام کو سہولت کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر ایمرجنسی کیمپس بھی لگائے جائیں گے جس کی تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ صارفین گٹروں اور کھلے نالوں میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں۔ موسم برسات میں کھدائی سے اجتناب کریں، پینے کے لئے پانی ابال کر استعمال کریں جبکہ تہہ خانوں کے لئے ڈرینج کا مناسب بندوبست رکھیں کیونکہ آپ کا تعاون واسا فیصل آباد کی معیاری سروسز کی ضمانت ہے۔

0/Post a Comment/Comments