فیصل آباد(یوسف بخاری)تحفظ ماحول کے عالمی دن کے موقع پر پلاسٹک کے شاپنگ بیگز سمیت پلاسٹک کی ایک بار استعمال ہونے والی اشیاء پر پابندی عائد ہوگئی ہے جس پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا۔کاروباری حضرات اور شہری ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور ماحول کا تحفظ یقینی بنائیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ آگاہی سیمینار کے اختتام پر میونسپل کارپوریشن میں واک کی قیادت اور شہریوں میں ماحول دوست بیگز تقسیم کرتے ہوئے کہی۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر شہاب اسلم،ٍڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس رندھاوا، ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،انچارج کنٹرول روم محمد صادق کے علاوہ تاجر اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں میں ماحول دوست بیگز اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے موثر آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز سے میٹنگزکی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ کا عمل بھی آج سے ہی شروع ہوگا ۔ تاجر تنظیموں نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 75 مائیکرون سے کم شاپر بیگ تلف نہیں ہوتے جو ماحول کو آلودہ کرنے کا باعث بنتے ہیں،شہری کپڑے کے بیگ کے استعمال کو ترجیح دیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ اقدامات سے ماحول کو تروتازہ بنائیں گے۔
ایک تبصرہ شائع کریں