حکومت بجٹ میں صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے، حافظ شیخ محمد اصغر قادری

فیصل آباد (جواد شیرازی )چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپپٹما) حافظ شیخ محمد اصغر قادری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ آئندہ ہفتے قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے والا بجٹ 2024-25 میں مقامی صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائیں جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ ٹیکسوں کی بھر مار ‘ بجلی ‘ پٹرولیم اور گیس کی قیمتوں آئے روز اضافے نے صنعت کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری کا سیلاب برپا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت بجٹ میں صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے تاکہ صنعت کا پہیہ رواں رہے اور لوگوں کو روزگار ملتا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے بھوک اور غربت کی وجہ سے لوگوں فاقہ کشی کا شکار ہیں جبکہ گیس اور بجلی کی قیمتوں نے لوگوں کا جینا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بنا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جامع پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ۔ آئندہ بجٹ میں ملکی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے ۔خصوصا عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ خوشحالی کا دور شروع ہو سکے ۔

0/Post a Comment/Comments