’’بیک ٹو سکول مہم 2026ء‘‘ کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے زیرِ اہتمام تقریب


’’بیک ٹو سکول مہم 2026ء‘‘ کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے زیرِ اہتمام تقریب

فیصل آباد(پ ر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی رہنمائی اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب مدثر ریاض ملک کی قیادت میں ’’بیک ٹو سکول مہم 2026ء‘‘ کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے زیرِ اہتمام تقریب منعقد ہوئی جس کا مرکزی موضوع ’’پڑھو گے تو بڑھو گے‘‘ تھا۔ تقریب گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری سکول، علامہ اقبال روڈ (کوتوالی روڈ) میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مدثر ممتاز ہرل تھے۔تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راؤ عبدالکریم سمیت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز محمد وسیم ساجد،محمد ذاکر، ڈاکٹر عذرا نسرین سید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز، سکول سربراہان اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مدثر ممتاز ہرل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن راؤ عبدالکریم نے دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ طلبہ کے باقاعدہ داخلے کا عمل مکمل کیا جبکہ طلبہ میں سکول بیگز اور ضروری اسٹیشنری بھی تقسیم کی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر بچے کا تعلیم حاصل کرنا بنیادی حق ہے لہٰذا والدین اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کروائیں تاکہ انہیں معیاری تعلیم کے ذریعے بااختیار بنایا جا سکے اور وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن نے اپنے خطاب میں سرکاری سکول سے تعلیم حاصل کرنے کے اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں اساتذہ اور والدین کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکول ہر بچے کو معیاری اور مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔راؤ عبدالکریم نے ’’بیک ٹو سکول مہم 2026ء‘‘ کو کامیاب بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ داخلہ مہم کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ والدین اور عوام تک پہنچانے کے لیے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سمیت تمام مؤثر ذرائع ابلاغ سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران، سکول سربراہان اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔سیمینار کے اختتام پر تعلیم کے فروغ، سرکاری سکولوں میں طلبہ کے داخلوں میں اضافے، ’’بیک ٹو سکول مہم 2026ء‘‘ کو کامیاب بنانے اور مقررہ داخلہ اہداف کے حصول کے لئے اجتماعی طور پر بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

0/Post a Comment/Comments