اسلامی خطاطی ہماری عظیم تہذیبی، ثقافتی اور روحانی میراث کا ایک اہم حصہ ہے، ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری

 


اسلامی خطاطی ہماری عظیم تہذیبی، ثقافتی اور روحانی میراث کا ایک اہم حصہ ہے، ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری

فیصل آباد(پ ر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری سے حسنِ کارکردگی کے صدارتی ایوارڈ یافتہ اور عالمی شہرت کے حامل معروف خطاط قمر سلطان نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اسلامی خطاطی کا ایک خوبصورت اور دیدہ زیب فن پارہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کو پیش کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، قانون دان و سماجی رہنما جمال طارق اور سول سوسائٹی کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے معروف خطاط قمر سلطان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلامی خطاطی کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر فنی خدمات کو سراہا اور ان کے منفرد فن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی خطاطی ہماری عظیم تہذیبی، ثقافتی اور روحانی میراث کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا تحفظ اور اسے نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان سمیت مختلف عالمی و ملکی اداروں اور بعض اسلامی ممالک کے سربراہوں سے ایوارڈز حاصل کرنے والے فیصل آباد کے قمر سلطان جیسے باصلاحیت فنکار اپنے فن کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں جو ملک و قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ان کے فن پاروں میں اسلامی تہذیب و روحانیت، جمالیاتی حسن اور فنی مہارت کا حسین امتزاج نمایاں ہوتا ہے۔ ایسے فنون نہ صرف ہمارے شاندار ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت، تعمیری اور روحانی اقدار کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔محمد آصف چوہدری نے کہا کہ فیصل آباد میں فنونِ لطیفہ، ثقافتی سرگرمیوں اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے شہر کی خوبصورتی، ثقافتی شناخت اور مثبت و تعمیری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں، فنکاروں اور ادبی و ثقافتی حلقوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو فروغ دے گا۔ اس موقع پر معروف خطاط قمر سلطان نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی خطاطی جیسے عظیم فن کی پذیرائی اور حوصلہ افزائی سے نہ صرف فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ نئی نسل میں بھی اس منفرد اور باوقار فن سے وابستگی پیدا ہوتی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے قمر سلطان کی فنی صلاحیتوں کی مزید ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خوبصورت اسلامی خطاطی کا فن پارہ پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

0/Post a Comment/Comments